Responsive Ad Slot

اہم خبریں لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
اہم خبریں لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

سابق چیف جج جی بی کے انکشافات ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق جج شمیم رانا ، انصار عباسی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

کوئی تبصرے نہیں

پیر، 15 نومبر، 2021

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) سابق چیف جج گلگت بلتستان کے انکشافات پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج شمیم رانا اور سینئر صحافی انصار عباسی کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق عدالت نے دی نیوز کے ایڈیٹر انچیف اور ایڈیٹر کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ، عدالت کی جانب سے کل صبح ساڑھے 10 بجے طلب کیا گیا۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور اٹارنی جنرل کو بھی کل کے لئے نوٹس جاری کر دیے ۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ ہائیکورٹ کا وقار مجروح کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کر دیں ، زیر التوا معاملے میں اس طرح کی رپورٹنگ ہو گی تو کیا یہ کوئی مناسب بات ہے ،آپ سب اس کورٹ میں موجود رہتے ہیں ، کوئی اس کورٹ پر انگلی اٹھا کر دکھائے ، عدالت اس معاملے کو بہت سنجیدہ لے گی ۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ لوگوں کا اعتماد اس طرح سے اٹھایا جائے گا ؟، ہمیشہ اس عدالت نے آزادی اظہار رائے کا احترام کیا ، زیر التوا کیسز پر بات کرنے کی روش بن گئی ہے ، کیا کوئی بیان حلفی عدالتی کارروائی کا حصہ ہے ۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر الزامات کے بعد گلگت بلتستان سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس رانا شمیم ایک مرتبہ پھر میدان میں آ گئے

کوئی تبصرے نہیں

اسلام آباد (ویب ڈیسک )گلگت بلتستان سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس رانا شمیم ایک مرتبہ پھر سے سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار کے ردعمل پر میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے کہاہے کہ میں خبر میں دی گئی تمام باتوں پر قائم ہوں، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے پاس قانون کے مطابق مجھے ایکسٹینشن دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔

نجی ٹی وی جیونیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا شمیم کا کہناتھا کہ میں نے اپنی مدت پوری کی ،مجھے ایکسٹینشن مانگنے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہوئی ، ثاقب کون ہوتے ہیں مجھے ایکسٹینشن دینے والے ، ثاقب نثار گلگت میں میرے مہمان تھے، میں نے ثاقب نثار کے گلگت آنے پر کوئی سرکاری خرچ نہیں کیا تھا ۔رانا شمیم کا کہناتھا کہ ایکسٹینشن دینے کا اختیار وزیراعظم کے پاس تھا جسٹس ثاقب نثار کے پاس نہیں تھا ۔ حلف نامے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلف نامہ کب اور کس کو دیاہے یہ درست وقت آنے پر سامنے لاﺅں گا ۔ان کا کہناتھا کہ جی بی اور آزاد کشمیر کی گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کو ایکسٹینشن دینا وزیراعظم کا اختیار ہے ، میں کوئی سیاسی شخصیت نہیں ہوں جو سیاسی بیانات دوں ، جو بھی حقائق معلوم تھے سامنے لے آیا ہوں ۔

یاد رہے کہ سینئر صحافی انصار عباسی نے خبر شائع کی تھی جس میں کہا تھا کہ” گلگت بلتستان کے سینئر ترین جج نے پاکستان کے سینئر ترین جج کے حوالے سے اپنے حلفیہ بیان میں لکھا ہے کہ ”میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز شریف عام انتخابات کے انعقاد تک جیل میں رہنا چاہئیں۔ جب دوسری جانب سے یقین دہانی ملی تو وہ (ثاقب نثار) پرسکون ہو گئے اور ایک اور چائے کا کپ طلب کیا۔“ رانا شمیم نے یہ بیان اوتھ کمشنر کے روبرو 10 نومبر 2021ئ کو دیا ہے۔ نوٹرائزڈ حلف نامے پر سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے دستخط اور ان کے شناختی کارڈ کی نقل منسلک ہے۔

اس معاملے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا رد عمل بھی سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ میرے متعلق رپورٹ ہونے والی خبر حقائق کے منافی ہے، سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر کیا جواب دوں۔ثاقب نثار نے کہا کہ رانا شمیم بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان عہدے کی توسیع مانگ رہے تھے جو میں نے منظور نہیں کی۔ ایک مرتبہ رانا شمیم نے مجھ سے ایکسٹینشن نہ دینے کا شکوہ بھی کیا تھا۔


سردیوں کے دوران ملک میں گیس فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی تیار

کوئی تبصرے نہیں

اتوار، 14 نومبر، 2021

موسم سرما کے دوران ملک میں گیس فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی گئی ۔ جیوز نیوز کے مطابق وزارت پیٹرولیم اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی گئی ہے ، جس کے تحت وزارت پیٹرولیم اور گیس کمپنیوں نے نیا گیس شیڈول تشکیل دے دیا ہے جس کے مطابق اب 24 گھنٹوں میں سے صرف چند گھنٹے گیس مل سکے گی ۔

رپورٹ میں ذرائع سوئی ناردرن کمپنی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ گھریلو صارفین کو صبح 5:30 سے 8:30 تک گیس ملے گی جب کہ دن کے اوقات میں 11:30 سے دوپہر 2:00 بجے تک اور شام کو 4 سے رات 10 بجے تک گیس ملے گی ، گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی کا نیا شیڈول دسمبر سے فروری تک نافذ کیا جائے گا ۔

دوسری جانب ادارہ شماریات کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی ، جس کے مطابق پاکستان میں گیس کے ذخائر ہونے کے باوجود ملک کی 82 فیصد دیہاتی آبادی تاحال گیس کی سپلائی سے محروم ہے ، موضع مردم شماری 2020ء کے مطابق پاکستان میں 16 فیصد دیہاتی علاقے تاحال بجلی کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جبکہ ملک کے 82 فیصد دیہاتوں میں گیس کی سپلائی میسر نہیں ہے ، ملک کے دیہی علاقوں میں مقیم کروڑوں افراد جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے تاحال محروم ہیں ، صوبہ بلوچستان کے 50 فیصد، خیبرپختونخواہ کے 24 فیصد اور سندھ کے 9 فیصد دیہات میں بجلی کی سہولت میسر نہیں ہے جبکہ ملک کے 82 فیصد دیہی علاقے سوئی گیس کی سہولت سے تاحال محروم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے عوام سب سے زیادہ پسماندہ ہیں جہاں 32 فیصد دیہی آبادی کے پاس ٹی وی ، ریڈیو یا انٹرنیٹ سمیت معلومات کا کوئی ذریعہ نہیں ہے ، اسلام آباد میں سب سے زیادہ 50 فیصد جبکہ بلوچستان میں سب سے کم صرف 3 فیصد دیہی آبادی کو گیس میسر ہے ، سندھ میں 8 فیصد آبادی کے پاس ٹی وی، ریڈیو، اخبار، ٹیلی فون یا انٹرنیٹ سمیت معلومات کا کوئی ذریعہ ہی موجود نہیں ہے ۔ بلوچستان کے 65 فیصد اور خیبرپختوانخواہ کے 52 فیصد دیہات کی سڑکیں آج بھی کچی ہیں ۔

وفاقی حکومت کا ملک میں پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا عندیہ

کوئی تبصرے نہیں
وفاقی حکومت کے مشیر خزانہ نے ملک میں پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا عندیہ دے دیا ، شوکت ترین کہتے ہیں کہ عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہوگا تو ہم بھی مزید مہنگا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت دیگر ملکوں میں بھی مہنگائی پر لے دے ہو رہی ہے کیوں کہ تیل کی قیمت میں47 ڈالراضافہ ہوا ، جس کی وجہ سے ساری درآمدی اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں لیکن اس کے باوجود دنیامیں جتنی قیمتیں بڑھی ہیں ہمارے ہاں اتنی نہیں بڑھیں ۔
شوکت ترین نے کہا ہے کہ جب حکومت سنبھالی تو معاشی مشکلات کا سامنا تھا کیوں کہ ہمارے پاس ڈالر نہیں تھے تو اس لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا لیکن کورونا کی وجہ سے ہماری معیشت منفی میں چلی گئی تاہم کوویڈ کو جس طرح وزیراعظم نے ہینڈل کیا اس کی پوری دنیا نے تعریف کی ، عمران خان کوعام آدمی کے مسائل کا احساس ہے ، اس وقت ہماری ترجیح کم آمدنی والوں کے مسائل حل کرنا ہے ، لوگوں کی قوت خرید آہستہ آہستہ بڑھے گی ، کامیاب پاکستان پروگرام سے ملک کی قسمت بدل جائے گی ، 40 لاکھ گھرانوں کو اپنے پیروں پر کھڑے کررہے ہیں ، معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے کی توقع ہے ، ہمیں ہر سال 15 سے 20 فیصد نوکریوں کی ضرورت ہے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ انکم ٹیکس میں 32 فیصداضافہ ہوا ، ٹیکس دہندگان میں اضافہ ہمارا ہدف ہے ، کوشش ہے آئی ٹی کی برآمدات آئندہ سال 75 فیصد تک ترقی کرے ، ایسے گروتھ کرتے رہے تو 5 سال میں 20 فیصد پرچلے جائیں گے ، ہمیں کم از کم 20 سے 30 سال کے لیے ترقی چاہیے لیکن بچت نہ ہونے کی وجہ سے پائیدار ترقی نہیں کرپاتے ، پائیدار ترقی نہ ہونے کی ایک اور وجہ درآمدات اور برآمدات میں فرق ہے ، حکومت نے زراعت پر توجہ دی ، اس لیے زراعت پر اس بار بہت پیسے لگا رہے ہیں۔

گلاسگو ماحولیاتی معاہدہ مفادات و تضادات کا ’سمجھوتہ‘ ہے: اقوام متحدہ

کوئی تبصرے نہیں

عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 میں طویل بحث و مذاکرات کے بعد 200 ممالک نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت معدنی ذخائر (فوسل فیول) سے پیدا ہونے والے ایندھن کا استعمال کم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق گلاسگو ماحولیاتی معاہدے میں تمام ممالک نے توانائی پیدا کرنے کے لیے کوئلے کا استعمال بتدریج کم کرنے پر اتفاق کیا اور زمین کے درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سیلسیس تک رکھنے کا ایک مرتبہ پھر عہد کیا گیا۔

امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے مذاکرات کو خوش آئند قرار دیا ہے تاہم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ گلاسگو ماحولیاتی معاہدہ ’سمجھوتہ‘ ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ یقیناً ایک اہم قدم ہے لیکن ناکافی ہے، معاہدہ ایک سمجھوتہ ہے جو آج کی دنیا میں مفادات، تضادات اور سیاسی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے بدترین ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ماحولیاتی تباہی کے دہانے پر ہیں۔


اینتونیو گوتریس نے ماحول کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے نوجوانوں، مقامی کمیونٹیوں اور خواتین لیڈرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ آپ شاید (معاہدے سے) مایوس ہوئے ہوں لیکن ہم اپنی زندگیوں کی جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ جیتنا ہوگی۔‘

معاہدے کے ابتدائی مسودے میں کوئلے کا استعمال آہستہ آہستہ ختم کرنے کا کہا گیا تھا، لیکن انڈیا نے اس شق کو مسترد کر دیا تھا جس پر چین اور کوئلے پر منحصر دیگر ممالک نے بھی انڈیا کی حمایت کی۔




سرکاری یونیورسٹیز میں تعلیمی نظام گر گیا، ایچ ای سی نے انتہائی قدم اٹھالیا

کوئی تبصرے نہیں

ہفتہ، 13 نومبر، 2021

سرکاری یونیورسٹیوں میں معیار تعلیم گر گیا۔ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 32 سرکاری یونیورسٹیوں کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ سینیٹ میں جمع کرا دی ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 32 سرکاری یونیورسٹیز کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کی 9 سرکاری یونیورسٹیوں کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
نیشنل کالج آف آرٹس، آئی ٹی یونیورسٹی، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ، ویمن یونیورسٹی ملتان، صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سرکاری دستاویزات ایچ ای سی کو جمع ہی نہیں کرائی۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سرکاری یونیورسٹی کی کارکردگی رپورٹ سینیٹ میں جمع کرا دی ہے۔ سینیٹ نے 32 سرکاری یونیورسٹیز کی غیر تسلی بخش رپورٹ پر وائس چانسلرز سے وضاحت طلب کر لی ہے۔

عثمان بزدار حکومت کا سنگھاسن ڈولنے لگا

کوئی تبصرے نہیں

ویب ڈیسک : اسپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ کے رہنما چودھری پرویزالہی نے کہا ہے ہم تو حکمرانوں کا ساتھ نبھا رہے ہیں یہ ہمارے ساتھ نہیں چل رہے۔ پاکستان مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل شام طلب کرلیا گیا۔

مسلم لیگ ق نے حکومت سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اتوار کی شام طلب کرلیا گیاہے۔ چودھری پرویز الہی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہتین سال سے اللہ کے فضل سے ہم انہیں وفاق اور صوبے میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ہم ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں یہ نہیں نبھا رہے،پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلع میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے جبکہ سینیٹر کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ حکومت کو یاد دلانے کیلئے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے۔کیا حکمران بھول گئے کہ کس طرح ووٹ مانگے بغیر ان کو کامیابی ملی۔حکمران یہ بھی بھول گئے کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کیلئے بھی نہیں آیاپھر بھی انہیں سینیٹ کے مشکل ترین الیکشن میں ہم نے اللہ کے فضل انہیں کامیابی کے ساتھ نکالا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد متفقہ فیصلہ کل جاری کیا جائے گا۔


وسیم اکرم بھی حسن علی کی حمایت میں بول پڑے

کوئی تبصرے نہیں

جمعہ، 12 نومبر، 2021

سوئنگ کے سلطان اور سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم بھی فاسٹ بولر حسن علی کی حمایت میں سامنے آگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وسیم اکرم نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ ایک کھلاڑی کو کیوں ٹیم سے الگ کیا جارہا ہے، حسن علی ہمارے لیے ایک شاندار پرفارمر رہا ہے اور اُنہوں نے ہمیں میچ جتوائے ہیں۔ُ
وسیم اکرم نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’کوئی بھی کرکٹر کیچ ڈراپ کر سکتا ہے؟کیا اس سے وہ برا کھلاڑی بن جاتا ہے؟‘
سابق کرکٹر نے کہا کہ ’صرف ایک غلطی پر پورا ملک حسن علی کے پیچھے پڑ گیا ہے جوکہ اچھی بات نہیں ہے، میں بھی ماضی میں اس سے گزرا ہوں، وقار یونس اس سے گزرے ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’دوسرے ممالک میں کرکٹ صرف ایک کھیل ہے، وہاں ناقص پرفارمنس کے اگلے دن شائقین حوصلہ دیتے ہیں، اگلی بار اچھا پرفارم کرلینا۔‘
سابق کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ ’آسٹریلوی کھلاڑیوں نے بھی کیچ چھوڑے، حسن کا اعتماد بہت کم ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ وہ مکمل طور پر گِر نہ جائیں۔‘
دوسری جانب وقار یونس نے کہا کہ ’کوئی بھی کرکٹر جان بوجھ کر کوئی غلطی نہیں کرتا، بحیثیت سابق کھلاڑی میں خود جانتا ہوں کہ میں بہت برے وقتوں سے گزرا ہوں، میں نے بھی کیچ چھوڑے ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے یاد ہے کہ کس طرح لوگوں نے 1996ء کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کے بعد مجھ پر تنقید کی تھی لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ایک کھیل ہے۔‘
واضح رہے کہ میچ کے 19ویں اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر حسن علی سے ویڈ کا کیچ ڈراپ ہوگیا تھا، کیچ چھوٹنے کے بعد ویڈ نے 3 چھکے لگاکر پاکستان سے جیت چھین لی تھی۔
ویڈ نے17گیندوں پر 41 نا قابل شکست رنز بنائے جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
ان کی ناقابل یقین اننگز اور ساتھی مارکس اسٹوئنس کی 31 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلیا اب فائنل میں پہنچ گیا ہے جہاں اتوار کو وہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ بنگلا دیش پہنچ گیا

کوئی تبصرے نہیں

قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلنے کیلئے دبئی سے بنگلادیش پہنچ گئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ولڈکپ میں اپنا سفر ختم کرنے کے بعد 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کیلئے دبئی سے بنگلادیش پہنچی ہے۔

ٹیم کے کپتان بابراعظم اور آل راؤنڈر شعیب ملک 16 نومبر کو ڈھاکا میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

قومی اسکواڈ بنگلا دیش میں ایک روزہ آئیسولیشن کے بعد ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔

سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز 19، 20 اور 22 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلے جائیں گے اس کے علاوہ پاکستان ٹیم بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔

ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئےٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے قومی اسکواڈ میں صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے،محمد حفیظ کی جگہ افتخار احمد کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محمد حفیظ نے چیف سلیکٹر محمد وسیم سے گفتگو کے بعد اس سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے کے لیے سیریز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔



آئندہ ماہ پٹرول کی قیمت بڑھائی جائے گی یا نہیں ؟

کوئی تبصرے نہیں

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے اوگرا ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 78 ڈالر فی بیرل تک رہی تاہم 6 نومبر کو حکومت نے 85 ڈالر فی بیرل کے حساب سے قیمتوں کا تعین کیا۔ ذرائع اوگرا کے مطابق 16 نومبر سے یکم دسمبر تک قیمتوں کے تعین کے لیے اوگرا نے ورکنگ کا آغاز کردیا ہے اور اب عالمی مارکیٹ کے مطابق آئندہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں۔

حکومت تمام ٹیکسز کی موجودہ شرح لاگو کرکے قیمتیں برقرار رکھ سکتی ہے، لیوی ٹیکس ختم یا کم کرکے صارفین کو پیٹرول اور ڈیزل پر 9 روپے تک کا ریلیف بھی مل سکتا ہے، حکومت پیٹرول پر9 روپے62 پیسے اور ڈیزل پر9 روپے 14 پیسے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 82.87 ڈالر فی بیرل ہوگئی جب کہ اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری 14 نومبر کو وزارت خزانہ کو بھجوائے گی۔


سری لنکن پریمیئر لیگ میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے جگہ بنا لی

کوئی تبصرے نہیں

کولمبو(ویب ڈیسک )سری لنکن پریمیئر لیگ2021 میں شعیب ملک، محمد حفیظ اور محمد عامر سمیت کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی جگہ بنالی ہے۔

لنکا پریمیئر لیگ کی فرنچائز ٹیموں نے اپنے اسکواڈ میں کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کی تصدیق کردی ہے، ان میں 5 فرنچائز کولمبو سٹارز، دمبولا جائنٹس، گال گلیڈئیٹرز، جیفنا کنگز اور کینڈی وارئیرز شامل ہیں۔گال گلیڈئیٹرز نے محمد حفیظ، محمد عامر، سرفراز احمد اور انوار علی شامل ہیں ۔کولمبو سٹارز میں احمد شہزاد اور محمد عرفان شامل ہیں ۔دمبولا جائنٹس کی ٹیم میں صہیب مقصودشامل ہیں۔جافنا کنگز کی ٹیم میں وہاب ریاض،شعیب ملک اورعثمان شنواری شامل ہیں ۔

اس لیگ میں مجموعی طور پر 600 کھلاڑی بشمول 300 غیرملکی کھلاڑی اور 300 سری لنکن کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا ہے، یہ عمل آن لائن منعقد ہوا جس میں 5 فرنچائز کے مالکان اور ایس ایل سی حکام نے شرکت کی۔



پاکستان فائنل سے باہر۔

کوئی تبصرے نہیں

جمعرات، 11 نومبر، 2021

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
آسٹریلیا نے 177 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، محمد رضوان 67 اور فخر زمان 55 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دےدی ۔
پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ۔
پاکستان کیلئے اچھی خبر یہ تھی کہ ڈاکٹرز نے شعیب ملک اور محمد رضوان کو میچ کے لیے فٹ قرار دے دیا اور وہ آج میچ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 16 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ناقابل شکست ہے البتہ آسٹریلیا آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان کے خلاف تمام 4 ناک آؤٹ میچز جیتا ہے۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، محمد رضوان 67 اور فخر زمان رنز 55 بناکر نمایاں رہے۔
پاکستانی اوپنرز نے آسٹریلیا کے خلاف بھی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور دونوں کے درمیان 71 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 10 ویں اوور میں گری جب کپتان بابر اعظم 34 گیندوں پر 39 رنز بناکر زمپاکی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم ڈیبیو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنانےوالے کھلاڑی بن گئے
بابر اعظم نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار چوکے سے اپنا کھاتا کھولا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھو ہیڈن کو پیچھے چھوڑ دیا۔
میتھو ہیڈن نے 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 265 رنز بنائے تھے جس سے زیادہ اب بابر کے رنز ہوگئے ہیں۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد محمد رضوان اور فخر زمان کے درمیان 72 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
پاکستان ٹیم کا مجموعی اسکور 143 رنز پر پہنچا تو رضوان 67 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان ایک کیلنڈر ائیر میں ایک ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
محمد رضوان نے آسٹریلیا کے خلاف 67 رنز کی اننگزکھیل کر سال 2021 میں ایک ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز مکمل کرلیے۔ رضوان ایک کیلنڈر ائیر میں ہزار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر ہیں۔
اس کے علاوہ محمد آصف پہلی گیند پر بغیر کوئی رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو شعیب ملک صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ فخر زمان آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 55 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 2 اور پیٹ کمنز اور زمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ رہا اور پہلے ہی اوور میں کپتان ایرون فنچ صفر پر شاہین شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان 51 رننز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن جب آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 52 رنز پر پہنچا تو مچل مارش 22 گیندوں پر 28 رنز بناکر شاداب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 77 رنز پر گری،اسٹیون اسمتھ5 رنز بناکر شاداب کا شکار بنے۔
پاکستان کو چوتھی کامیابی 89 رنز پر ملی جب سیٹ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر 49 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کو پانچواں نقصان 96 رنز پر اُٹھانا پڑا جب خطرناک گلین میکسویل 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دےکی پہلی بار فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

پاکستان کے آج جیتنے کی صورت میں وزیراعظم کا فائنل دیکھنے دبئی جانے کا امکان

کوئی تبصرے نہیں

پاکستان کے آج جیتنے کی صورت میں وزیراعظم کا فائنل دیکھنے کے لیے دبئی جانے کا امکان ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ کون سی ٹیم کرے گی اس بات کا فیصلہ آج ہوگا تاہم وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں جیت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ اگر پاکستان آج سیمی فائنل میں کامیاب ہوتا ہے تو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے فائنل دبئی جاکر دیکھے جانے کا امکان ہے اور وزیراعظم نے اپنے قریبی رفقاء سے فائنل دبئی میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی وزیراعظم سے درخواست کی کہ اگر پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچی تو فائنل دیکھنے ضرورجائیں۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اب تک ناقابل شکست ہے جبکہ آسٹریلیا کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم آج ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔



سربراہ تحریک لبیک سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج

کوئی تبصرے نہیں
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے 487 افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکالے گئے ہیں جس میں ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام بھی شامل ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کے لیے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں نے اپنی سفارشات پیش کی تھیں۔
حکومت پنجاب کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فورتھ شیڈول سے نام نکالنے کے لیے متعلقہ اضلاع کی پولیس رپورٹ پر کارروائی کی گئی اور اب تک تحریک لبیک پاکستان کے 577 افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکالے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ 16 اپریل 2021 کو علامہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔


سپریم کورٹ سے کہیں نوازشریف کو بلائیں، قانونی ماہرین کا وزیراعظم کو مشورہ

کوئی تبصرے نہیں
اسلام آباد (ویب ڈیسک) : سانحہ اے پی ایس سے متعلق قانونی ماہرین نے وزیراعظم کو اُس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کو بلانے سے متعلق سپریم کورٹ کو سفارش کرنے کا مشورہ دیا۔گذشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت سانحہ اے پی ایس سے متعلق سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں قانونی ماہرین کی جانب سے وزیراعظم کو رائے بھی پیش کی گئی۔
قانونی ماہرین نے وزیراعظم کو کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے وقت نوازشریف وزیراعظم تھے ان کو بلانے سے متعلق سپریم کورٹ کو سفارش کی جائے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو طلب کیا تھا۔بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس کی سماعت کی ۔
وزیرِ اعظم عمران خان سانحہ آرمی پبلک اسکول از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے طلب کرنے پر پیش ہو ئے تو تو چیف جسٹس نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب، آپ آئیں جس پر روسٹرم پر نے کھڑے ہو کر وزیراعظم کہاکہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں، ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے، آپ حکم کریں، ہم ایکشن لیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا نائن الیون سے کوئی تعلق نہیں تھا، ہمیں پتہ ہی نہیں تھا کہ دوست کون اور دشمن کون، میں نے اس وقت کہا تھا یہ امریکا کی جنگ ہے، ہمیں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، 80 ہزار لوگ دہشت گردی کی جنگ میں شہید ہوئے،میں نے کہا تھا ہمیں نیوٹرل رہنا چاہیے ،ہمارا نائن الیون سے کوئی تعلق نہیں تھا، ہمیں پتہ ہی نہیں تھا کہ دوست کون اور دشمن کون۔
وزیر اعظم نے کہاکہ 2014 میں جب سانحہ ہوا ہماری حکومت تھی کے پی میں،سانحہ کی رات ہم نے اپنی پارٹی کا اجلاس بلایا،واقعہ کے دن ہی پشاور گیا تھا، ہسپتال جا کر زخمیوں سے بھی ملا، واقعہ کے وقت ماں باپ سکتے میں تھے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت جو بھی مداوا کرسکتی تھی کیا، والدین کہتے ہیں ہمیں حکومت سے امداد نہیں چاہیے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ رپورٹ کے مطابق کوئی خاص اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
چیف جسٹس نے کہاکہ آئین پاکستان میں عوام کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ والدین چاہتے ہیں کہ اس وقت کے اعلی حکام کیخلاف کارروائی ہوئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ والدین کو تسلی دینا ضروری ہے۔ عدالت عظمیٰ نے 20 اکتوبر کے حکم نامے پر عملدرآمد کی ہدایت کی جس پر وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کو انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

الیکشن کمیشن کی ڈسکہ رپورٹ ، پاکستان تحریک انصاف نےبڑا قدم اٹھانے کا اعلان کردیا

کوئی تبصرے نہیں

بدھ، 10 نومبر، 2021

اسلام آباد:حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ ڈسکہ میں ہمارا مقابلہ ن لیگ کے ساتھ نہیں الیکشن کمیشن کے ساتھ تھا،ڈسکہ میں ن لیگ دور سے شروع پراجیکٹس کو بھی بند کردیا گیا ،الیکشن کمیشن کی ڈسکہ رپورٹ کو ہر فورم پر چیلنج کرینگے ،ہمیں دیوار سے لگایا جائے گا تو اس کا ردعمل تو آئے گا ۔
معاون خصوصی علی نواز اعوان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی اسجدملہی کا کہنا تھا کہ کچھ دنوں سے ڈسکہ پر الیکشن کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کی باتیں ہو رہی ہیں ، ہمیں رپورٹ نہیں دی گئی لیکن آفیشلی لیک کی گئی،ڈسکہ پر رپورٹ جعلی، فراڈ اور یکطرفہ ہے،رپورٹ پر ہمیں بلایا گیا نہ ہمارا نقطہ نظر سنا گیا،19 تاریخ کو رات تین بجے ریٹرنگ آفیسر( آر او) نے جھوٹ بولا کہ میری جان کو خطرہ ہے،حلفاً ًکہتا ہوں چیف الیکشن کمشنر نے پوچھا خطرہ کیسے ہوا؟آر او نے بعد میں الیکشن کمیشن میں بیان دیا کہ الیکشن سے مطمئن تھا،آر او نے اپنا بیان دو دن بعد چیف الیکشن کمشنر کے سامنے بدل لیا،الیکشن کمیشن نے ڈسکہ الیکشن کالعدم قرار دیدیا، وزیراعظم کی ہدایات پر 21 حلقوں میں دوبارہ پولنگ کی حمایت کی تھی ۔
علی اسجد ملہی نے کہاکہ ڈسکہ ضمنی الیکشن میں تاریخ کی دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ پولنگ ہوئی،ڈسکہ ضمنی الیکشن میں 46 فیصد ووٹ کاسٹ ہوئے،پی ٹی آئی ڈسکہ میں جیتی تو پورا الیکشن اڑا دیا گیا،آر او نے سفارش کی کہ 21 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرائی جائے لیکن الیکشن کمیشن نے یکطرفہ کاروائی کرتے ہوئے پورا الیکشن ہی کالعدم قرار دے دیا، ہمارے لڑکے الیکشن کے دوران قتل ہوئے اور ہمیں ملزم ٹھہرا دیا گیا۔
اس موقع پر علی نواز اعوان نے کہاکہ 70 سال میں پاکستان میں کوئی الیکشن شفاف نہیں کرایا جاسکا، تحریک انصاف کسی فرد کے خلاف نہیں ہے،ہم نے نظام کی بہتری کیلئے 126 دن کا دھرنا دیا،ہم نےجن چارحلقوں کی نشاندہی کی سب میں دھاندلی ثابت ہوئی،سینیٹ الیکشن پر کیا ہوا؟ سب کو پتہ ہے،ہم نے 35 سال سے دو جماعتوں کی جاگیرداری کو ختم کیا،ہم الیکشن کے نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،انتخابی نظام میں اصلاحات پر الیکشن کمیشن ہمارا ساتھ دے،ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) کی بات کرتے ہیں، اس میں عمران خان کا کوئی مفاد نہیں،اپوزیشن نے انتخابی اصلاحات پر کوئی تجویز نہیں دی،وزیراعظم کےعشائیے پر تمام اتحادی موجود تھے،عشائیے میں تجویز آئی کی اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات پر ایک اور موقع دیا جائے،سپیکر قومی اسمبلی انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کیا اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ ڈالنے کا کوئی حق نہیں؟اوورسیز پاکستانی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں،مہنگائی دنیا بھر میں بڑھ رہی ہے،عوام دیکھتی ہے ریاست مشکل وقت میں اس کے ساتھ کھڑی ہے یا نہیں؟ہم نے کورونا کے دوران احساس پروگرام شروع کیا۔


کوئی گیم شروع نہیں ہورہی، عمران پانچ سال پورے کریں گے: شیخ رشید

کوئی تبصرے نہیں
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ کوئی گیم شروع نہیں ہورہی اور گیم صرف عمران خان کی ہے لہٰذا وہ پانچ سال پورے کریں گے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سب مسئلوں کی ذمہ داری وزارت داخلہ کی نہیں جب کہ اے پی ایس شہداء کے لواحقین کی درخواست آئے گی تو کارروائی کریں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کوئی گیم شروع نہیں ہو رہی،گیم صرف عمران خان کی ہے، کوئی خطرے کی بات نہیں ہے، عمران خان کی حکومت کامیاب رہے گی اور پانچ سال پورے کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے، اس کے فیصلے حکومت اور وزیراعظم پر بھی لاگو ہیں لہٰذا سپریم کورٹ جو کہے گی وزیراعظم سنیں گے کیونکہ سپریم کورٹ بھی جمہوریت کا حصہ ہے۔

وزیر اعظم صاحب بتائیں سانحہ اے پی ایس پر کیا کارروائی کی ، سپریم کورٹ

کوئی تبصرے نہیں
اسلام آباد : سانحہ آرمی پبلک سکول میں سپریم کورٹ کے طلب کرنے پر وزیر اعظم عمران خان عدالت پیش ہوئے اور روسٹرم پر آئے ، عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہداء کے والدین چاہتے ہیں اس وقت کے اعلیٰ حکام کیخلاف کارروائی ہو ، وزیر اعظم نے جواب دیا کہ ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں ، آپ حکم دیں ، ہم کارروائی کریں گے ۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی زیر سربراہی سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے سانحہ اے پی ایس کے از خود نوٹس کی سماعت کی ، عدالت نے وزیر اعظم کو طلب کیا جس پر وزیر اعظم سپریم کورٹ پیش ہوئے اور روسٹرم پر آئے ، عدالت نے وزیر اعظم سے کہا کہ آپ ہمارے وزیر اعظم ہیں اور قابل احترام ہیں، لیکن اب تک حکومت نے کیا اقدامات کئے ہیں ، ہمیں آپ کی پالیسی سے کوئی غرض نہیں ۔ جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ مسٹر پرائم منسٹر ہم کوئی چھوٹا ملک نہیں ، ہماری آرمی دنیا کی چھٹی بڑی آرمی ہے ، آپ مجرمان کو ٹیبل پر مذاکرات کیلئے لے آئے ؟،کیا پھر سرنڈڈ ڈاکیومنٹ سائن کرنے جا رہے ہیں ، تسلیم کریں کہ سانحہ اے پی ایس میں ہماری انٹیلی جنس ناکام ہوئی ، کیا کسی انٹیلی جنس ادارے کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی ۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں سانحہ اے پی ایس کس نے ہونے دیا، رپورٹ کے مطابق بچے آسان ہدف تھے مگر ان کو بچانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں تھے آسان ہدف کو تحفظ نہ دینا بڑی ناکامی ہے ۔
وزیر اعظم نے عدالت میں کہا کہ مجھے موقع دیں میں وضاحت کرتا ہوں ، ہمارا نائن الیون کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا، نائن الیون میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا ، پرویز مشرف نے دباؤ میں آکر جنگ شروع کی ، میں نے امریکی جنگ میں کودنے کی مخالف کی تھی ، اس جنگ میں ہم نے 80 ہزار قربانیاں دیں ،سانحہ اے پی ایس کے وقت ہماری مرکز میں حکومت نہیں تھی ، صوبے میں حکومت تھی ، ہم نے شہداء کے لواحقین کیلئے ہر ممکن کام کیا ۔ میں خود پشاور پہنچا ، ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی ، والدین اس وقت سکتے کی حالت میں تھے۔جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ وزیر اعظم صاحب ! یہاں وہاں کی باتیں نہ کریں مدعا پر رہیں ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ والدین کو مراعات نہیں ان کے بچے چاہئے تھے ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب تو آپ اقتدار میں ہیں ، آپ نے کیا کیا ، 7 سال ہو گئے ہیں ، کمیشن بنا چکے ہیں ، رپورٹ آ چکی ہے ، 20 اکتوبر کو ہمارا حکم تھا کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ اس وقت کے عہدیداران پر کرمنل نہیں ، اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔پتہ لگایا جائے کہ 80 ہزار جانوں کے نقصان کا ذمہ دار کون ہے ، یہ بھی پتہ لگایا جانا چاہئے کہ 400 سے زائد ڈرون حملوں کا ذمہ دار کون ہے۔ چیف جسٹس نے کہا آپ وزیر اعظم ہیں ، ان باتوں کا آپ کو علم ہونا چاہئے ۔
جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ جمہوریت میں اخلاقی ذمہ داریوں میں غفلت پر استعفے دیے جاتے ہیں مگر یہاں کلچر کچھ اور ہے ۔ اٹارنی جنرل نے عدالت میں کہا کہ سانحے کے روز اگر اس وقت کے وزیر اعظم ، آرمی چیف استعفیٰ دے دیتے تو بھی مسئلہ حل نہ ہوتا ۔ جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ اگر یہ مستعفی ہو جاتے تو ان سے بہتر آجاتے ۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے وزیر اعظم سے کہا کہ ہم نے آخری آرڈر میں کچھ نام دیے تھے ، اٹارنی جنرل سے کہا تھا کہ اعلیٰ سطح کمیٹی سے پوچھیں ان ناموں کا کیا کرنا ہے ، ہم آپ سے یقین دہانی چاہتے ہیں کہ آپ کارروائی کریں گے ، شہداء کے ورثاء کو تسلی ہو کہ عدالت اور حکومت سانحہ اے پی ایس کو بھولی نہیں ، غیر جانبداری سے والدین کی جانب سے نامزد افراد سے تحقیقات تو ہوں ؟۔
وزیراعظم نے عدالت کو ذمہ داروں ،غفلت کےمرتکب افراد کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ انصاف کی جو تحریک 25 سال قبل چلائی تھی آج بھی اس پر قائم ہوںسپریم کورٹ نے 4 ہفتوں میں عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ،عدالت نے حکم دیا کہ عملدرآمد رپورٹ وزیر اعظم کے دستخط سے جمع کرائی جائے ،جس کی بھی غفلت ثابت ہواس کیخلاف کارروائی کی جائے، وفاقی حکومت شہداء کےوالدین کا مؤقف بھی سنے۔
عدالت نے وزیر اعظم سے استفسار کیا کہ وزیراعظم صاحب ! آپ متاثرہ بچوں کےوالدین سے ملے؟، وزیر اعظم نے کہا کہ میں بچوں کےوالدین سے کئی بارملاہوں ، عدالت نے ہدایت کی کہ آپ ان کو پرسہ دیں ،ان کی تسلی کرائیں ،شکایات دورکریں۔
اس سے قبل آج صبح جب کیس کی سماعت شروع ہوئی تواٹارنی جنرل عدالت پیش ہوئے ۔دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ملک میں اتنا بڑا انٹیلی جنس سسٹم ہے ، اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں ، دعویٰ ہے ہم دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ہیں ،اپنے لوگوں کے تحفظ کی بات آئے تو انٹیلی جنس کہاں چلی جاتی ہے ؟، بچوں کو سکول میں مرنے کیلئے نہیں چھوڑ سکتے ، چوکیدار اور سپاہیوں کے خلاف تو کارروائی کر دی گئی ، اصل کارروائی تو اوپر سے شروع ہونی چاہئے ، اوپر والے تنخواہیں اور مراعات لے کر چلتے بنے ، کیا سابق آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج ہوا؟ ۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ یہ ممکن نہیں کہ دہشتگردوں کو اندر سے سپورٹ نہ ملی ہو، سننے میں آرہا ہے کہ ریاست کسی گروہ سے مذاکرات کر رہی ہے ؟، کیا اصل مجرموں تک پہنچنا اور انہیں پکڑنا ریاست کی ذمہ داری نہیں ۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا وزیر اعظم نے عدالتی حکم پڑھا ہے ؟۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ سانحہ اے پی ایس سکیورٹی کی ناکامی تھی ، کیس میں رہ جانے والے خلاء سے متعلق آپ کو آگاہ کرنے کو کہا تھا ؟۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سابق آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے خلاف انکوائری رپورٹ میں کوئی فائنڈنگ نہیں ، وزیر اعظم کو عدالتی حکم نہیں بھیجا تھا ، وزیر اعظم کو عدالتی حکم سے آگاہ کروں گا، ہم تمام غلطیاں تسلیم کرتے ہیں ، دفتر چھوڑ دوں گا لیکن کسی کا دفاع نہیں کروں گا، اعلیٰ حکام کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی ۔
عدالت نے اٹارنی جنرل پر برہمی کا اظہار کرتےہوئے وزیر اعظم کو آج ہی عدالت پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

حکومت کیساتھ مذاکرات میں کالعدم ٹی ٹی پی سے کون کون شامل ہے؟ نام سامنے آگئے

کوئی تبصرے نہیں

منگل، 9 نومبر، 2021

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق حکومت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے والی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی کمیٹی میں شامل افراد کے نام سامنے آ گئے۔



طالبان ذرائع کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے والی کمیٹی کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ ابو عاصم مفتی نور ولی کی مشاورت سے بنی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر قاضی محمد امیر محسود ہیں جبکہ کالعدم تنظیم کے سینئر کمانڈر مولوی فقیر محمد باجوڑی بھی مذاکراتی کمیٹی میں شامل ہیں۔

طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ لال مسجد کے کمانڈر بلال اور ڈاکٹر حمود سواتی بھی مذاکراتی کمیٹی کے ممبران ہیں جبکہ جماعت الا احرار سے مفتی ابوہریرہ مذاکراتی کمیٹی میں شامل ہیں۔

خیال رہے چند روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان کی حکومت کے کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی شروعات ہو چکی ہے اور ایک معاہدے کے تحت حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی مکمل سیز فائر پر آمادہ ہو چکے ہیں۔

فواد چوہدری سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ طالبان کے تعاون سے کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ افغانستان میں بات چیت ہو رہی ہے۔



نابینا استاد کو نوکری نہ دینے کی حکومتی اپیل مسترد

کوئی تبصرے نہیں

لاہور ہائی کورٹ نے بصارت سے محروم استاد کو نوکری نہ دینے کی حکومتی اپیل مسترد کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سہیل ناصر اور جسٹس احمد ندیم ارشد نے پنجاب حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔

سنگل بینچ نے کامران جمیل کو نوکری دینے کا حکم دیا تھا، جسے پنجاب حکومت نے چیلنج کیا تھا۔

عدالتِ عالیہ نے اپنے حکم میں کہا کہ دنیا معذور افراد کو بہترین سہولتیں دینے کے مواقع تلاش کر رہی ہے، پڑھنے، لکھنے اور بولنے سے محروم افراد کو ٹیچنگ کے لیے اہل قرار نہ دینا تکلیف دہ ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ معذور افراد کو مکمل صلاحیتوں والے افراد کے مقابلے کے برابر بنانا ریاست کی ذمے داری ہے، کامران جمیل نے ٹیچر بھرتی ہونے کے لیے امتحان اور انٹرویو پاس کیا مگر اسے تقرری نہ دی گئی۔

عدالت نے کہا کہ ریاست معذور افراد کی بنیادی آئینی حقوق کی ذمے داری سے انحراف نہیں کر سکتی، ریاست کو چاہیئے کہ معذور افراد کے ذہنوں سے محرومی کا شبہ ختم کرنے کے اقدامات کرے۔

لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بینائی سے محروم یوسف سلیم کو 2018ء میں جوڈیشل سروس میں بھرتی کیا گیا، بینائی سے محروم پہلی خاتون صائمہ سلیم کو وفاقی حکومت نے بھرتی کیا۔

عدالتِ عالیہ نے اپنے فیصلے میں دنیا کی نامور نابینا اسپیکر اور مصنف ہیلن کیلیر، نابینا ایتھلیٹ توفیری کیبوکا کا حوالہ بھی دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے میں نامور ترک نابینا پینٹر ایسرفا ارمگان کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔


مهم
© All Rights Reserved